مرد حر آصف علی زرداری
تحریر : علیم انڑ
آصف علی زرداری کے معاملے میں اخلاقیات کی حدوں کو نہیں بلکہ تمام حدوں کو توڑ دیا گیا کیونکہ ان کا سب سے بڑا جرم یہ تھا کہ وہ بے نظیر بھٹو کے شوہر تھے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ جیسے ہی زرداری کی بے نظیر بھٹو سے شادی ہوئی نادیدہ قوتوں اور ان کے کارندوں نے زرداری کو اپنا ہدف بنا کر ان کی کردار کشی شروع کر دی اور آخر میں یہ کردار کشی اس سطح پر پہنچ گئی کہ لگتا تھا کہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا میں ہونے والی ہر برائی کا ذمے دار زرداری کی ذات ہے کیونکہ جمہوریت دشمن نادیدہ قوتوں کو اندازہ تھا کہ بھٹو کی پھانسی ان کے بیٹوں اور بیٹی کے پراسرار قتل کے بعد ان کا سامنا آخرکار مرد حر آصف علی زرداری سے ہی ہو گا۔ اس لیے حفظ ماتقدم کے طور پر میڈیا میں بیٹھے اپنے کارندوں کے ذریعے اسی قدر تباہ کن پروپیگنڈا کرایا گیا کہ پاکستانی عوام کے ذہن ان کی طرف سے زہر آلود ہو جائیں۔
مخالفین زرداری کے کارناموں کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔ لگتا ہے کہ بغض، کینہ، دشمنی نے ان کے دلوں پر مہر لگا دی ہے۔ ماضی گواہ ہے کہ انھوں نے ساڑھے گیارہ سال قید تنہائی بھگت لی مگر اصولوں پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا۔ وہ قید جس کے بارے میں وہ اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ شروع کے دو سال کے بعد قید کی اذیت ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ اصولوں پر ڈٹے رہ کر رہائی سے انکار آمر سے سمجھوتہ نہ کرنا، ان کے کردار کی عظمت ہی تھی کہ انھیں مرد حر کا خطاب دیا گیا۔ حکمرانوں کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملانے والوں کی ہر دور میں کبھی کوئی کمی نہیں رہی لیکن حقیقی تعریف وہی ہے جو آپ کا دشمن یا بدترین مخالف بھی کرنے پر مجبور ہو جائے۔ آج آصف علی زرداری کے مخالفین بھی ان کی تعریف کررہے ہیں۔
پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں صدر آصف علی زرداری پہلے منتخب جمہوری صدر ہیں جو اپنا آئینی عہدہ مکمل کر کے ایک باوقار انداز میں رخصت ہوئے۔ ان کا یہ اعزاز ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گیا۔ آصف زرداری نے مفاہمت کے نظریے کو متعارف کرایا اور کامیابی سے پروان چڑھایا۔ آصف زرداری کے عہد میں ہونے والی تمام ترامیم اتفاق رائے سے ہوئیں۔ اٹھارہویں ترمیم جس کے تحت وہ تمام صدارتی اختیارات وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کو واپس چلے گئے جنھیں آمریت کے دنوں میں چھین لیا گیا تھا۔ صدر زرداری خوش دلانہ مرضی کے ساتھ 1973 کے آئین کی بحالی پر تادیر یاد رکھے جائینگے۔
سی پیک، پاک ایران گیس منصوبے پرآصف زرداری کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، گوادر پراجیکٹ معمولی نہیں یہ آصف زرداری کے دور میں شروع ہوا جب کہ سی پیک پر ہم سب فخر کرتے ہیں اور اس منصوبے کے لیے دعاگو ہیں۔ سی پیک پورے پاکستان کی بھلائی کا پروگرام ہے جب کہ سندھ میں بھی سی پیک سے متعلق بہت سے منصوبےشروع ہورہے ہیں اور منصوبے سے بہت ترقی آئے گی۔ پاک چائنہ دوستی کے سنگ میل ذوالفقارعلی بھٹو ہیں، لیکن سی پیک کی بات کرتے ہیں تو حکمرانوں کو آصف زرداری کیوں یاد نہیں آتے۔
